میاں صاحب وزیراعظم بنے تو انتقام لیں گے، میرا وعدہ میں ایسا نہیں کروں گا: بلاول
چنیوٹ (مہر جاوید سلیم سے) چنیوٹ میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ہاکی سٹیڈیم چنیوٹ میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو اقتدار میں آکر ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پاکستان اس وقت شدید مشکلات اور معاشی بحرانوں سے گزر رہا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، غربت کے باعث غریب کا زندگی گزارنا مشکل ہے۔ اقتدار میں آ کر خواتین کو ان کے حقوق دلا کر بلا سود قرضے دیں گے۔ کسانوں کو مراعات دیں گے۔ کسان کارڈ دلائیں گے۔ فصلوں میں نقصان ہوا تو کسانوں کا خسارہ پورا کریں گے۔ بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے غریبوں کو سہولیات دیں گے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بے نظیر بھٹو کا مشن پورا کریں گے۔ پیپلز پارٹی شہیدوں، مزدورں، کسانوں غریبوں کی جماعت ہے۔ غیور عوام ووٹ کی طاقت سے پیپلز پارٹی کو اقتدار میں لائیں گے۔ تعلیم، صحت پر خصوصی توجہ دیں گے۔ پاکستان کو خوشحال ملک بنائیں گے۔ عوام معاشی معاہدہ دس نکاتی خود لکھا ہے جس پر عمل کریں گے۔ تین سو یونٹ تک غریبوں کو مفت بجلی دیں گے۔ روٹی کپڑا اور مکان کے وعدے کو پورا کریں گے۔ سندھ کے سیلاب متاثرین کے لیے گھر بنا رہے ہیں۔ سیاسی جماعتیں اب ہماری نقل کر رہی ہیں۔ فصلوں کی انشورنس کریں گے۔ بجلی، گیس، کھاد سستی کریں گے۔ کسان خوشحال ہو گا ملک خوشحال ہو گا۔ سندھ میں دل کے مریضوں کے لیے مفت علاج کا ہسپتال بنا رہے ہیں۔ چوتھی بار وزیر اعظم کی خواہش کرنے والے اب پھر عوام سے جھوٹے وعدے کر رہے ہیں۔ پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں۔ ذاتی انتقام کی سیاست نے ملک کو کمزور کیا۔ نفرت کی سیاست کو دفن کریں گے۔ ہم نے ضیاء الحق کا ظلم برداشت کیا‘ میاں نواز شریف اقتدار میں آ گئے تو ایسا انتقام لیں گے جس کا کسی کو اندازہ بھی نہیں ہے۔ وعدہ ہے وزیراعظم بن گیا تو کسی سے سیاسی انتقام نہیں لوں گا۔ میاں صاحب کے ظلم برداشت کیے، مشرف کی زیادتی برداشت کی مگر پیپلز پارٹی نے انتقام نہیں لیا۔ میاں صاحب کی سیاست تشدد کی سیاست ہے۔ ہمارا انتقام جمہوریت ہے۔ بے نظیر بھٹو کو شہید کیا مگر انتقامی سیاست نہیں کی۔ تیر اور شیر کا مقابلہ ہے۔ تیر کو ووٹ دیکر ملک کو خوشحال بنائیں۔ وزیر اعظم بنا تو انتقامی سیاست نہیں کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کا چنیوٹ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار سید عنائیت علی شاہ، حسن مرتضیٰ، سید کلیم امیر شاہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے اور چنیوٹ کے مسائل سے آگاہ کیا۔