• news

الیکشن کوریج کیلئے 32 بھارتی صحافیوں کی درخواستیں زیر غور: مرتضیٰ سولنگی 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات 2024ء کی کوریج کے لئے غیر ملکی صحافیوں اور مبصرین کے حوالے سے بعض عناصر افواہیں پھیلا رہے ہیں جو حقائق کے منافی ہیں۔ 8 فروری کے انتخابات کی کوریج کے لئے اس وقت تک 49 غیر ملکی صحافیوں اور میڈیا پرسنز کو ویزے جاری کئے گئے۔ 32 درخواستیں زیر غور ہیں جبکہ دنیا کے مختلف حصوں سے بہت سی درخواستیں اب بھی موصول ہو رہی ہیں۔ یہ بات انہوں نے  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ عنبرین جان، پرنسپل انفارمیشن آفیسر ڈاکٹر طارق محمود اور ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سعید احمد شیخ بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات کی کوریج کے لئے متعدد بین الاقوامی صحافیوں نے ویزوں کی درخواستیں دی ہیں۔ اب تک 49 ویزے (اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے لئے) جاری کئے گئے ہیں اور 32 درخواستیں زیر غور ہیں جبکہ دنیا کے مختلف حصوں سے اب بھی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائی کمشن نئی دہلی کو الیکشن کی کوریج کے لئے 32 درخواستیں موصول ہوئیں جن پر کارروائی جاری ہے کیونکہ انڈیا میں ویزا جاری کرنے کے لئے مینوئل سسٹم موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای سی پی ایکریڈیٹیشن کارڈز کے حصول کے لئے پاکستان میں مقیم غیر ملکی میڈیا نمائندوں اور ان سے منسلک پاکستانی سٹاف کی جانب سے اب تک 174 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی مبصرین کی کیٹیگری کے تحت برطانیہ سے 25، رشین فیڈریشن سے 8، جاپان سے 13، جنوبی افریقہ سے 2 جبکہ دولت مشترکہ سے 5 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان کے مقامی میڈیا ہائوسز کو ایکریڈیٹیشن کارڈز بھی جاری کئے جا رہے ہیں۔ اب تک 6065 صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈز جاری کئے گئے جن میں لاہور سے 1200، کراچی سے 1470، پشاور سے 1050، کوئٹہ سے 600، حیدر آباد سے 355، فیصل آباد سے 250 اور ملتان سے 290 صحافی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بین الاقوامی صحافی اسلام آباد، لاہور یا کراچی کے علاوہ دیگر شہروں میں کوریج کے لئے جانا چاہیں، ان کی درخواستوں کا متعلقہ وزارتوں کی مشاورت سے کیس ٹو کیس جائزہ لیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کوریج کے لئے ویزوں کے حصول کی درخواستیں دینے کی آخری تاریخ 20 جنوری تھی لیکن الیکشن کمشن آف پاکستان اور وزارت اطلاعات کے متعلقہ اداروں کو اب بھی ویزا کی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں جن پر کیس ٹو کیس کارروائی کی جائے گی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ عنبرین جان نے کہا کہ انتخابات کی کوریج کے لئے 14 ممالک سے ویزوں کی درخواستیں موصول ہوئیں، مجموعی طور پر 81 غیر ملکی صحافیوں نے ویزوں کے لئے درخواستیں دیں جن میں سے 49 ویزے جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ دیگر پر کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق بین الاقوامی میڈیا اور مبصرین کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن