کرکٹ کرپشن‘ شکیل شیخ‘ناصر اقبال پر پر تاحیات پابندی عائد
لاہور(سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی گورننگ بورڈکے سابق رکن شکیل شیخ کی کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن اور دستاویزی ثبوت کی روشنی میں شکیل شیخ پر تاحیات پابندی عائد کردی۔ پی سی بی کی انکوائری کمیٹی نے شکیل شیخ کیخلاف بے ضابطگیوں اور شکایات پرجواب طلبی کیلئے متعدد نوٹسز جاری کئے لیکن وہ انکوائری کمیٹی میں پیش ہونے سے انکاری رہے جس پر انکوائری کمیٹی نے رپورٹ پی سی بی میں جمع کروائی جس کی روشنی میں گورننگ بورڈکے سابق رکن شکیل شیخ اور اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق عہددار ناصر اقبال پر تاحیات پابندی عائد کردی۔ انکوائری کمیٹی نے کروڑوں روپوں کی ریکوری کرنے سمیت قانون کے مطابق کیسز کے اندراج کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو معاملہ بھیجنے کی بھی سفارش کی ہے۔شکیل شیخ نے بد نیتی پر مبنی انکوائری پر پی سی بی کو لیگل نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ بورڈ کیخلاف کیس بھی کرینگے ۔