فنڈنگ میں تاخیر سے ایک بار پھر روپیہ دبائو میں آ سکتا ہے:ٹیکس ایڈوائزر ایسوسی ایشن
لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر ایسوسی ایشن نے آئندہ تین برسوں میں پاکستان کو 71ارب ڈالر کی بیرونی فنانسنگ کی رپورٹ پر کہا ہے کہ فنڈنگ میں تاخیر سے ایک بار پھر روپیہ دبائو میں آ سکتا ہے ،جو بھی نئی حکومت آئے گی اس پر انتہائی زیادہ بوجھ ہوگا اس لئے سیاسی جماعتوں کی معاشی ٹیموں کو پیشگی تیاری کرنا ہو گی۔ ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبد الغفار اور جنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو رواں سال 25 ارب ڈالر جبکہ آئندہ 3 برسوں میں 71 ارب ڈالر کی بیرونی فنانسنگ درکار ہو گی۔ جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کو دوست ممالک سے لئے گئے قرضوں کو ایک بار پھر رول اوور کرانا پڑے گا ، ان قرضوں پر پاکستان کو بیشک کم شرح سے سود کی ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔