• news

 جاوید ہاشمی کا شکریہ، حق، سچ کا جھنڈا بلند کر دیا: شاہ محمود 

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) شاہ محمود قریشی نے اڈیالہ جیل کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاوید ہاشمی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جاوید ہاشمی نے حق اور سچ کا جھنڈا بلند کیا ہے ۔ بلاول سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آج آپ کو نواز شریف کی انتقامی سیاست نظر آرہی ہے۔ بلاول نے شہباز شریف کی حکومت کے انڈر وزیر خارجہ کا حلف کیوں اٹھایا ؟ بلاول کہتا ہے کہ ہم بھٹو کے وارث ہیں تو انہوں نے پی ڈی ایم بنا کر ضیاء کے وارثوں کے ساتھ الحاق کیوں کیا ؟ آئی پی پی نے چند سیٹوں کے لئے اپنی پارٹی کی قربانی دے دی ہے۔ ملتان میں جہانگیر ترین ن لیگ کی مدد مانگ رہا ہے، لودھراں میں ن لیگ کی مخالفت کر رہا ہے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئی پی پی نے 51 سیٹوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے، 7  پر ایڈجسٹمنٹ کی، باقی فارغ کر دیں، سائفر صرف اور صرف سیکرٹری خارجہ کے دیکھنے کے لئے تھا، قومی سلامتی کمیٹی نے سیاسی مداخلت کو مانا، سائفر آنے کے بعد خان صاحب نے کہا جتنے بھی پارلیمانی لیڈرز ہیں سب کو بریف کیا جائے۔ سیکرٹری خارجہ نے تمام پارلیمانی لیڈرز کو سائفر پر بریفنگ بھی دی۔ جاوید ہاشمی کا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے عمران خان کے حق میں بیان بہت بڑی بات ہے۔ جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کی رہائی کے لئے مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے مہم کی قیادت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن