پاکستان میں بھارت دہشت گردی کرا رہا، ثبوت منظر عام پر آ گئے: گلوبل ٹائمز
لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر دہشت گردی کے ثبوت منظر عام پر آ گئے۔ جریدے گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی جانب سے بلوچستان میں کی جانے والی دہشت گردی کے شواہد موجود ہیں۔ بھارت خفیہ طور پر پاکستان میں دہشت گرد قوتوں کی مالی معاونت کررہا ہے۔ بھارت بلوچستان میں مخصوص دہشتگردوں کی مالی مدد اور اسلحہ فراہم کر رہا، خطے میں علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانے کیلئے بلوچستان میں مقامی لوگوں کو بغاوت پر اکسا رہا ہے۔ چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل سٹرٹیجی کے ڈپٹی ڈائریکٹر یی ہیلن نے گلوبل ٹائمز کو بتایا کہ بھارت دہشت گردی کے حوالے سے مسلسل دوہرا معیار اپناتا آیا ہے۔ گلوبل ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت نے عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص خراب کرنے کی مذموم کوششیں کیں۔ بھارت کا پاکستان میں دراندازی کا مقصد سرمایہ کاری کو روکنا اور پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل کرنا ہے۔