رواں سال عالمی سطح پر مہنگائی، شرح سود میں کمی متوقع: ریٹنگ ایجنسی فچ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے کہا ہے کہ 2024ء کے دوران عالمی سطح پر شرح سود اور مہنگائی میں کمی کا امکان ہے۔ دنیا کی 3 بڑی عالمی درجہ بندی ایجنسیوں میں شامل ’فچ‘ نے پیش گوئی کی ہے کہ امریکی فیڈرل ریزرو بنیادی شرح سود میں تین بار کمی کرسکتا ہے، جس کا آغاز سال کے وسط سے ہوگا، اور 2024 کے آخر تک شرح سود تقریباً 4.75 فیصد تک آ جائے گی۔ فچ کو توقع ہے کہ یورپین سینٹرل بینک (ای سی بی) بھی 3 بار شرح سود کو کم کرے گا جس کے بعد یہ 3.75 فیصد ہو جائے گی۔ اسی طرح بینک آف انگلینڈ کی جانب سے شرح سود تنزلی کے بعد 4.5 فیصد اور پیپلز بینک آف چائنا کی جانب سے کمی کے بعد پالیسی ریٹ 2.35 فیصد تک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ فچ ریٹنگز نے مزید بتایا کہ دنیا بھر میں صرف بینک آف جاپان ایک بڑا بینک ہے، جس کی جانب سے بنیادی شرح سود میں اضافہ کیے جانے کی توقع ہے۔