نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ، دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل یوم سیاہ منائیں گے
سری نگر، مظفر آباد(کے پی آئی)آزاد کشمیر ، مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔26جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منانے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال اورآزاد جموںو کشمیر، پاکستان اور دنیابھر کے اہم ملکوں کے دارالحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہرے کریں گے اور احتجاجی ریلیاں نکالیں گے۔ سری نگر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کشمیری عوام سے بھارت کی تمام سرکاری تقریبات کا بائیکاٹ کرنے اور 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس اور مختلف حریت تنظیموں نے کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ جمعہ کو بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ جبکہ شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کہاکہ کشمیری عوام کیلئے ان کے مادر وطن پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ان کیلئے قبول نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قتل عام،ظلم وتشدد اور انسانی حقو ق کی سنگین پامالیوں میں ملوث ہے اور اس نے لاکھوں کشمیریوں کو بندوق کی نوک پر یرغمال بنارکھا ہے لہذا اسے مقبوضہ علاقے میں اپنایوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔