نوجوان ملک بچانے کے لیے ترازو پر مہر لگائیں:سراج الحق
لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ صرف جماعت اسلامی کے پاس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا فارمولا ہے۔ عوام ملک کو بدحال کرنے والی تینوں حکمران پارٹیوں کو مسترد کر دے، 8فروری قوم کے پاس غلطیاں سدھارنے کا دن ہے۔نوجوان ملک کو بچانے کے لیے ترازو پر مہر لگائیں قوم کو ملک کے حالات بدلنے کے لیے اب آپشن بدلنا ہو گا۔ جماعت اسلامی کی کامیابی ہی حقیقی معنوں میں عام آدمی کی کامیابی ہے۔حلقہ این اے 6دیرپائن کی تحصیل میدان میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ حکمرانوں نے ملک میں کوئی ایسا ہسپتال نہیں بنایا جہاں یہ اپنا علاج کرا سکیں۔ روٹی، کپڑا، مکان، تبدیلی اور پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے دعویداروں کے پاس آج اپنی کارکردگی بتانے کے لیے کچھ بھی نہیں، عوام کو بنیادی ضروریات زندگی سے محروم کر دیا گیا۔ ملک اور عام آدمی کی ذاتی معیشت میں کوئی فرق نہیں، خزانہ خالی ہے اور کروڑوں افراد مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ امیدوار حلقہ پی کے 18سعید گل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ حکمرانوں نے قومی خزانہ کو باپ کا مال سمجھ کر ہڑپ کیا، توشہ خانہ لوٹنے والوں میں سب کے نام ہیں، اربوں کے قرضے لے کر معاف کرائے گئے، تینوں سابقہ حکمران پارٹیاں ایک ہی سکے کے رخ ہیں، انھوں نے اپنی نسلوں کے لیے مال جمع کیا، عام آدمی کو محروم رکھا، ان کی اولادیں امریکا اور برطانیہ کے اداروں میں پڑھ رہی ہیں۔