ننکانہ : نوازشریف کے جلسہ کی جھلکیاں
ننکانہ صاحب(نامہ نگار)میونسپل ہاکی سٹیڈیم میں 80فٹ لمبا اور 20فٹ چوڑا سٹیج بنایا گیا تھا اور 10ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی تھیں۔ ٭۔ میاں محمد نواز شریف کی آمد کا وقت دوپہر 02بجے مقرر تھا لیکن وہ سہ پہر 3بجکر 25منٹ پر بذریعہ موٹر وے جلسہ گاہ پر پہنچے جہاں ان کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ ٭۔ اس موقع پر قومی اسمبلی حلقہ این اے 112 کی امیدوار ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کی طرف سے مریم نواز کو سونے کا ہار پہنایا گیا جبکہ میاں محمد نواز شریف کو مقامی سکھ سنگت کی طرف سے تلوار کا تحفہ پیش کیا گیا۔ ٭۔ میاں محمد نواز شریف کی تقریر کے دوران مسلم لیگ کے ترانوں سے جلسہ گاہ گونجتی رہی۔ ٭۔ سٹیج پر مریم اورنگزیب، حلقہ این اے 111 سے قومی اسمبلی کے امیدوار چوہدری برجیس طاہر، مسلم لیگی رہنما الحاج رانا محمد ارشد، مہر کاشف پڈھیار، آغا علی حیدر، عارف خان سندھیلہ کے علاوہ مسلم لیگ کے کارکنان و عہدیداران کی بڑی تعداد موجود تھی۔