• news

اتحاد و اتفاق کے بغیر قوم ترقی نہیں کر سکتی، نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم ترجیح: شہباز شریف

لاہور+ منڈی بہاؤ الدین (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت)  صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلباء سے گزشتہ روز گفتگو   کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں جاننا چاہوں گا کہ نوجوان نسل کو کن چیلنجز کا سامنا ہے۔ چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ بہتر تعلیم حاصل کی جائے۔ آٹھ فروری کو آنے و الی حکومت کی ترجیح نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی ہو گی۔ ہمارے پاس تیل ہے نہ گیس، ہمارا اثاثہ نوجوان نسل ہے۔ 76  برس گزر گئے ہم منزل سے بہت دور ہیں۔ مشاورت سے پالیسی بنائی تو نوجوان نسل ملک کی قسمت سنوار دے گی۔ ہم ہاکی میں پیچھے چلے گئے۔ کرکٹ میں بھی ایسی صورتحال ہے۔ ای روزگار شعبوں میں بھی آپریشنل ٹریننگ کی ضرورت ہے۔ اصل ضرورت ورکشاپ میں تربیت دینے کی ہے۔ نوجوان نسل کو مناسب سمت مہیا کر دی تو ماضی کی محرومیاں ختم ہو جائیں گی۔ ہمیں سمال میڈیم انٹرپرائزز کا دائرہ کار مزید بڑھانا ہو گا۔ بلوچستان کے مسائل حل کرنا ہر حکومت کا فرض ہے۔ المیہ ہے کہ پچھلی حکومت اگر اچھا کام کرتی ہے تو اگلی اسے روک دیتی ہے۔ موقع ملا تو ہر کھیل کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ پاؤں پر کھڑا ہونا ہے تو وسائل پیدا کرنا ہوں گے۔ نواز شریف دور میں ہم نے کھیلوں کیلئے گراؤنڈز اور جمنیزیم بنائے۔  ہم نے قبضے کی زمینیں خالی کروا کر کھیلوں کے میدان بنائے۔ اتحاد اور اتفاق نہیں ہو گا تو قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ افواج نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت سے مقابلہ کیا۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعظم میاں شہباز شریف آج 25جنوری بروز جمعرات کو منڈی بہائو الدین آئیں گے اور قائداعظم گرائونڈ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ مسلم لیگ ن ضلع منڈی بہائو الدین کے صدر مشاہد رضا گجر، چوہدری ناصر اقبال بوسال سابق ایم این اے، سابق صوبائی وزیر و حلقہ پی پی 40منڈی بہائو الدین سے مسلم لیگ ن کی امیدوار حمیدہ وحید الدین، سید طارق یعقوب رضوی، خالد محمود رانجھا، چوہدری اختر عباس بوسال کی قیادت میں میاں شہباز شریف کا منڈی بہائو الدین آمد پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔ قائداعظم گرائونڈ کو مسلم لیگی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔ ہر طرف ن لیگی پرچموں کی بہار ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر محترمہ حمیدہ وحید الدین کا کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف کی منڈی بہائو الدین آمد پر ضلع کے ہزاروں عوام ان کا شاندار استقبال کریں گے اور 1970 کے بعد منڈی بہائو الدین کی تاریخ میں آج تک کسی بھی لیڈر کا ایسا شاندار استقبال نہیں ہوا ہوگا جو ضلع کے عوام میاں شہباز شریف کا استقبال کریں گے۔ شہباز شریف دوپہر بارہ بجے بذریعہ ہیلی کاپٹر پہنچیں گے جہاں سے انہیں جلسہ گاہ لایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن