• news

سوشل میڈیا پراپیگنڈا کا مقصد مایوسی، تحقیق ضروری: آرمی چیف

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی+نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف تو افواج پاکستان لڑ سکتی ہیں مگر دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کا تعاون ضروری ہے۔ بدھ کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ’’پاکستان نیشنل یوتھ کانفرنس‘‘ سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے معماروں اور اقبال کے شاہینوں سے مخاطب ہو کر انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہوں، پاکستان کو بنانے کا مقصد یہ تھا کہ ہمارا مذہب، تہذیب و تمدن ہر لحاظ سے ہندوؤں سے مختلف ہے نہ کے ہم مغربی تہذیب و تمدن کو اپنا لیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے وطن، قوم، ثقافت و تہذیب و تمدن اور اپنے آپ پر بے پناہ اعتماد ہونا چاہئے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو اس بات کا یقین ہونا چاہئے کہ وہ ایک عظیم  وطن اور قوم کے سپوت ہیں، ہمارے ملک کے نوجوان اس قوم و ملک کی روشن روایات، اقبال اور قائد کے خوابوں کی تعبیر کے امین ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف تو افواج پاکستان لڑ سکتی ہیں مگر دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کا تعاون ضروری ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا اور پروپیگنڈا کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے، سوشل میڈیا کی خبروں کی تحقیق بہت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیق اور مثبت سوچ کے بغیر معاشرہ افراتفری کا شکار رہتا ہے۔ آرمی چیف نے قرآن مجید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی قرآن مجید میں فرماتے ہیں کہ؛ ’’اے ایمان والو!  اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو اْس کی تصدیق کرلو‘‘۔ پاکستان کے قیام کی ریاست طیبہ سے مماثلت ہے، دونوں کلمے کی بنیاد پر قائم ہوئی۔ آرمی چیف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ معدنی وسائل، زراعت اور نوجوان افرادی قوت جیسی نعمتوں سے نوازا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ مسلمان مشکل میں صبر اور آسانی میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہے۔ سپہ سالار کا کہنا تھا کہ ہماری افواج ہر قسم کے خطرے اور سازش کے خلاف ہمہ دم تیار  ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو ہم کچھ بھی نہیں ہیں، پاکستان اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین اور اسلاف کی میراث کو قائم رکھنا ہے۔  طلباء نے خطاب کے دوران پاکستان آرمی زندہ باد، پاکستان زندہ باد اور قائد اعظم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ علاوہ ازیں تقریب سے خطاب میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جب نوجوان دشمنوں کے پھیلائے ہوئے پراپیگینڈے کو مسترد کرکے ریاست کی طرف سے فراہم کردہ مستند معلومات پر انحصار کریں تو اس چیلنج پر قابو پایا جاسکتا ہے۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے ناسور کا جرات اور بہادری سے مقابلہ کیا اور لازوال قربانیاں دی ہیں، پاک فوج نے پوری لگن اور پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی۔ پاکستانی نوجوانوں کی شمولیت اور تعاون کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح ممکن نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمیں پاکستان کے خلاف حال ہی میں پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے پھیلائے گئے پروپیگینڈے جیسے اقدامات کو مسترد کردینا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن