سزا یافتہ جے یو آئی امیدوار کی اپیل مسترد، ایسے لوگ بلوچستان کے عوام کی نمائندگی نہ کریں گھر بیٹھیں: چیف جسٹس
اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ نے جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار عبدالحفیظ لونی کو الیکشن لڑنے سے روک دیا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے این اے 252 سے انتحابات میں حصہ لینے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے جے یو آئی امیدوار عبدالحفیظ کی اپیل مسترد کردی اور الیکشن ٹربیونل اور بلوچستان ہائیکورٹ کا کاغذات مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔ وکیل نے کہاکہ عبدالحفیظ لونی کی نیب کیس میں سزا پوری ہوچکی، الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔ چیف جسٹس قاضی فائز نے کہا کہ آپ کا مؤکل صرف 2 سال اور 2 ماہ جیل میں رہا، نیب کورٹ نے 10 سال کی سزا اور 5 کروڑ روپے جرمانہ کیا تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 8 سال تک آپ کا مؤکل پے رول پر جیل سے باہر رہا، آپ کے مؤکل نے 5 کروڑ کا جرمانہ ادا نہیں کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایسے لوگ بلوچستان کے عوام کی نمائندگی نہ کریں، الیکشن نہ لڑیں گھر بیٹھیں، الیکشن میں آپ کا خرچہ ہوگا۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ 5 کروڑ کا جرمانہ ادا نہ کرنے پر اس کی جائیداد ضبط ہونی چاہیے۔