قوم دفاعی اداروں پر حملہ کرنے والوں کو معاف نہیں کرے گی: رانا ثناء
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) انجمن تاجران سٹی کے زیر اہتمام منعقدہ شہر بھر کے تاجروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خاں نے کہاکہ قوم 9 مئی کو دفاعی اداروں پر حملہ کرنے اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کو معاف نہیں کرے گی۔ رانا ثناء خاں نے کہا کہ فرح گوگی اور پنکی پیرنی کے ذریعے لوٹ مار کی سیاست کو فروغ دینے والے نے ملک کا دھرن تختہ کیا جبکہ ہم اپنی سیاست کو دائو پر لگا کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سرپرست اعلی و صدر انجمن تاجران سٹی خواجہ شاہد رزاق سکا کی اپنے گھر واپسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ اقتدار میں آکر شہر کی ترقی و تاجروں کے مسائل کے حل میں انہیں مایوس نہیں کرے گی۔ قبل ازیں پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خاں کے بے حد اصرار پر مسلم لیگ ن میں واپس شمولیت اور ن لیگ کے نامزد امیدواروں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر طرف شیر شیر کی آواز گونج رہی ہے۔ دوسری طرف جماعت اسلامی کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری ٹریڈرز ونگ ملک اسامہ سعید اعوان ایڈووکیٹ، نائب صدر پنجاب یوتھ ونگ جماعت اسلامی ملک حاکمین اعوان ایڈووکیٹ نے اپنے اپنے عہدوںسے استعفی دیکر رانا ثناء اللہ خان کی دعوت پر پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی۔