9 مئی مقدمات، عمران، شاہ محمود پر 6 فروری کو فرد جرم لگے گی
راولپنڈی؍ اسلام آباد؍ لاہور (جنرل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ نوائے وقت+ خبر نگار+ وقائع نگار) انسداد دہشت گری راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف کے روبرو تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف 9 مئی کو سرکاری املاک پر حملوں، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں راولپنڈی پولیس نے چالان عدالت میں جمع کرا دیئے ہیں۔ سابق چیئرمین نے عدالت کو بتایا کہ 9 مئی کو میں گرفتار تھا بجائے مجھے ریلیف ملنے کے میرے اوپر مزید مقدمات بنائے گئے۔ تاہم عدالت نے مزید سماعت 6 فروری تک ملتوی کردی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق 9 مئی مقدمات میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کیلئے 6 فروری کی تاریخ مقرر کر دی گئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے عدت میں نکاح کیس کے ٹرائل پر حکم امتناع میں 31 جنوری تک توسیع کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے سے دوبارہ روک دیا۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عدت میں نکاح کی کمپلینٹ خارج کرنے کے لئے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواستوں پر سماعت کی۔ ہائیکورٹ نے عمران خان کی توشہ خانہ ریفرنس اور القادر ٹرسٹ کیس میں ضمانت کی درخواستوں پر اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔ عمران خان کے وکیل نے درخواست پر اعتراضات دور کرنے کے لیے وقت مانگ لیا۔ جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ آپ کو 7 روز کا وقت دیتے ہیں، اعتراضات دور کر لیں۔ دوسری جانب چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے بانی پی ٹی آئی کی القادر ٹرسٹ کیس میں ضمانت کی درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل عمیر بلوچ نے اعتراضات دور کرنے کے لیے وقت مانگ لیا، جس پر عدالت نے اعتراضات دور کرنے کے لیے وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں وکلا کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بشری بی بی کی عدم دستیابی کے باعث فرد جرم بھی عائد نہ ہوسکی۔ بانی پی ٹی آئی نے جج محمد بشیر سے کہا کہ یہ سارا ڈرامہ 8 فروری کیلئے ہورہا ہے، عدالت 8 فروری کے بعد ان کیسز کی سماعت رکھ لے، دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہو جائے گا، زرداری اور نواز شریف کے توشہ خانہ کیسز میں 13 فروری کی تاریخ دے دی گئی ہے، ان کیلئے خاص شفقت کی جارہی ہے اور ہمارے روزانہ کیسز ہوتے ہیں، توشہ خانہ کی ایک کروڑ نوے لاکھ کی چیزیں تھیں نیب نے کھینچ کر 300 کروڑ کا کیس بنادیا۔ جس پر جج محمد بشیر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جلدی دلائل شروع کریں۔ سلمان صفدر ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہمارے کیسز زیادہ اور وکیل کم ہیں۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی۔ گذشتہ روز اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران وکلا صفائی کی عدم دستیابی کے باعث کارروائی نہ ہوسکی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے رجسٹرار آفس کو توشہ خانہ کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف متفرق درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔