بلاول سے ہشام الٰہی ظہیر کی ملاقات، ورکنگ ریلیشنز بڑھانے پر اتفاق
لاہور (نامہ نگار) جمعیت اہل حدیث پاکستان کے صدر علامہ حافظ ہشام الہٰی ظہیر نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلال بھٹو زرداری سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں بلاول بھٹو کی پنجاب میں سیاست، آمد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یک جماعتی سیاست اور مافیا کی بلیک میلنگ کو ختم کرنے میں مددگار ہو گی۔ بلا ول بھٹو زرداری نے بھی علامہ ہشام الہٰی ظہیر سے ملکرکام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ جمعیت اہل حدیث کے وفد میں مولانا ارشد بیگم کوٹی، مولانا حافظ ذاکر الرحمن صدیقی، مولانا عتیق الرحمن اظہر، حاجی ریاض احمد، قاری شفیق الرحمن ربانی، حافظ عبید الرحمن، ایم فہد سعید بیگ کے علاوہ دیگر لوگوں نے شر کت کی۔بلاول بھٹو زرداری نے شہید عالم اسلام علامہ احسان الہٰی ظہیر کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملکی اور غیر ملکی سطح پر ورکنگ ریلیشنز شپ بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری ماڈل ٹاؤن میں جامعہ المنتظر پہنچے اور جامعہ کے پرنسپل آیت اللہ سید ریاض حسین نجفی سے ملاقات کی۔اس موقع پر مہتمم اعلی علامہ محمد افضل حیدری اور ناظم اعلی علامہ سید مرید حسین نقوی، منیر حسین گیلانی، علامہ غلام باقر گھلو اور علامہ سید صفدر حسین نقوی نے بھی موجود تھے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امیرالمومنین حضرت علی کے یوم ولادت کی مناسبت سے کیک کاٹا اور امیرالمومنین حضرت علی کے یوم ولادت کے موقع پر دعائے خیر کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے جامعہ الکوثر کے سربراہ علامہ شیخ محسن علی نجفی کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔