توہین الیکشن کمشن کارروائی روکنے کیلئے فواد چودھری کی درخواست خارج
لاہور (خبر نگار) ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے فواد چوہدری کی توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی روکنے کی درخواست خارج کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا۔ عدالت نے تحریری حکم میں کہا گیا کہ فواد چوہدری کے کیس کو دو بار کال کیا گیا، فواد چوہدری کے وکیل عدالت پیش نہیں ہوئے، فواد چوہدری کے وکیل کو علم تھا آج کیس سماعت کے لیے مقرر ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فواد چوہدری کی اس درخواست سے دلچسپی نہیں رہی، عدالت عدم پیروی کی بنیاد پر درخواست خارج کرتی ہے۔ فواد چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی روکنے کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔