غیر قانونی بھرتیاں، اینٹی کرپشن کورٹ میں پرویز الٰہی کو پیش نہ کرنے پر جج کی برہمی، یکم فروری کو دوبارہ طلب
لاہور (خبر نگار) اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی سمیت دیگر کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے یکم فروری کو طلب کر لیا۔ عدالت نے ملزمان میں چالان کی کاپیاں تقسیم کر دیں۔ سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی، محمد خان بھٹی کو عدالت پیش نہ کیا گیا جس پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔ فہد، طاہر مکی، حیدر، سمیع اللہ، محمد عبداللہ، مختار احمد، محمد امین سمیت دیگر ملزموں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ میری عدالت ہے اس میں قانون کے مطابق فیصلہ ہو گا، میں نے ملزم کو طلب کیا ہوا ہے۔ ملزم کو پیش کیوں نہیں کیا؟ میں سپرنٹنڈنٹ جیل کو شوکاز نوٹس جاری کروں گا۔