• news

ملزم بھائی کے منع کرنے کے باوجود بہن مسلم لڑکے سے شادی کیلئے  بضد رہی، ماں بیٹی کی نعشیں برآمد

بنگلورو (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں مسلمان لڑکے سے محبت کی پاداش میں 19 سالہ لڑکی کو اس کے بھائی نے تالاب میں دھکا دے کر ہلاک کر دیا، جسے بچانے کے لیے تالاب میں کودنے والی ماں بھی ڈوب گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک کے ایک تالاب سے 43 سالہ ماں اور 19 سالہ بیٹی کی لاشیں ملی ہیں۔ 19 سالہ لڑکی دھنشری اپنے گاؤں میں ایک مسلمان لڑکے سے محبت کرتی تھی۔ مسلمان لڑکے سے ملاقاتوں پر دھنشری کے بھائی نتن نے کئی بار برہمی کا اظہار کیا اور بہن کو روکنے کی کوشش کی لیکن دھنشری مسلم لڑکے سے شادی پر مصر رہی۔ جس پر دونوں بہن بھائی میں 7 ماہ سے بات چیت بند تھی لیکن گزشتہ روز دوبارہ جھگڑا ہوا۔ بھائی نے بہن کو تالاب میں دھکا دے دیا اور وہ ڈوبنے لگی جس پر ماں نے بیٹی کو بچانے کے لیے تالاب میں چھلانگ لگا دی۔ بدنصیب ماں نے تالاب میں چھلانگ تو لگا دی لیکن اپنی بیٹی کو بچاتے ہوئے خود ہی ڈوب گئیں۔ پولیس، نتن کو پوچھ گچھ کے لیے تھانے لے گئی۔

ای پیپر-دی نیشن