مخالفین خوفزدہ، میچ فکس کر کے کھیلنا چاہتے ہیں: قمر کائرہ
گجرات (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر قمرزمان کائرہ نے کہا کہ مخالفین پھر میچ فکس کرکے کھیلنا چاہتے ہیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ علاقہ کبھی پیپلز پارٹی کا گڑھ ہوتا تھا، ہمارے مخالفین بلاول بھٹو کے منشور سے خوفزدہ ہیں، جو پنجاب کو اپنی جاگیر سمجھ رہے تھے انہیں پتہ چل گیا کہ بلاول اپنے نانا، ماں کے نقش قدم پر چل پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین آج تک اس ملک کے مسائل کا حل نہیں پیش کر سکے۔ چوتھی بار وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں، پیپلزپارٹی نے کبھی میچ فکس نہیں کیا۔ بلاول کے لاہور سے الیکشن کے اعلان کے بعد مخالف کانپ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاستی طاقت سے نہیں عوام کی طاقت سے جیتیں گے۔