• news

رائیونڈ والے سمجھتے ہیں میچ فکس کر لیا خود ہی الیکشن جیت جائیں گے۔ بلاول 

ملتان (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ رائیونڈ والے سمجھتے ہیں میچ فکس کر لیا خود ہی الیکشن جیت جائیں گے، مسائل کا پتہ نہیں، چوتھی بار کرسی پر بیٹھنا چاہتا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پرانے سیاستدانوں نے معاشرے اور اداروں کو تقسیم کردیا جس کی وجہ سے پاکستان کی صورت حال آج خطرناک ہے۔ ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس وقت مہنگائی اور بے روزگاری کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور سوائے پیپلزپارٹی کے کسی جماعت کے پاس اس کو قابو کرنے کا منصوبہ نہیں ہے کیونکہ باقی سیاسی جماعتیں اپنے لیے اور پی پی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے الیکشن لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پولیس نے قربانیاں دے کر دہشت گردی کو ختم کیا اور آج پھر سے دہشت گرد سر اٹھا رہے ہیں۔ پرانے سیاست دانوں کی معاشرتی تقسیم کی وجہ سے آج بھائی بھائی سے لڑ رہا ہے۔ ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کر دیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد 17 غیر ضروری وزارتوں کو ختم کر کے ان کا پیسہ عوام پر خرچ کروں گا جبکہ اشرافیہ کو سالانہ دی جانے والی ایک ہزار پانچ سو ارب کی سبسڈی بھی ختم کروں گا۔ ہم سرمایہ دار سے ٹیکس لے کر غریب پر لگائیں گے۔ پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ میں نے اپنے ہاتھوں سے معاشی معاہدہ مرتب کیا ہے۔ حکومت میں آنے کے بعد سب سے پہلے اس پر عملدرآمد کریں گے جس سے مہنگائی، بے روزگاری پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ (ن) لیگ اور نوازشریف اب عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ وہ گھر سے نکلتے نہیں اور الیکشن جیتنے کے خواب دیکھتے ہیں۔ ملتان کے لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے والہانہ استقبال کیا۔ الیکشن 8 فروری کو ہیں لیکن عوام نے آج ہی اپنا فیصلہ سنا دیا۔ غربت کا خاتمہ کر کے ہم ایک ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے عوام کے اہم مسائل کو منشور کا حصہ بنایا ہے۔ کسانوں کو کارڈ کے ذریعے براہ راست سبسڈی دیں گے۔ عوام کو 300 یونٹ تک بجلی مفت دیں گے جبکہ پنجاب میں جنوبی پنجاب سے وزیراعلیٰ بنوا¶ں گا۔ عوام 8 فروری کو نکلیں اور نوازشریف کا راستہ روکیں۔ عوام سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالیں۔
بلاول/ ملتان
 

ای پیپر-دی نیشن