بہترین کارکردگی کے حامل افسروں و اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب،اسنادوکیش تقسیم
لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں جرائم کے قلع قمع کا عمل مزید تیز کرنے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ خطرناک مجرمان، منشیات فروشوں اور منظم جرائم کے خاتمے کیلئے ٹارگٹڈ کاروائیوں کو مزید موثر بنایا جائے۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پرمن و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں کو انعامات دینے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سنٹرل پولیس آفس میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کے اعزاز کی تقریب میں آئی جی نے لاہور اور شیخوپورہ ریجن کے 37 افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد و کیش انعامات سے نوازا۔ ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فرض کی ادائیگی کے دوران زخمی ہونیوالے اہلکاروں کو طبی اخراجات کیلئے مزید 11 لاکھ روپے جاری کر دئیے۔دریں اثناء آئی جی نے پولیس سٹیشن ڈائریز کے سلسلے میں ڈی پی او ڈی جی خان احمد محی الدین اور انکی ٹیم سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے جھنگی چیک پوسٹ سے کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کے داخلے کی کوشش بروقت کارروائی سے ناکام بنانے پر پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ تقریب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے 13 شہدا کے اہلخانہ کو 5 لاکھ روپے فی کس چیک کی صورت میں ادا کئے گئے۔ آئی جی پنجاب نے 2 شہدا اور ایک حاضر سروس پولیس اہلکار کی بیٹی کو لیپ ٹاپ بھی دیئے۔