ملک کو مصیبت سے صرف بلاول نکال سکتا ہے: چودھری سرور
لاہور (نامہ نگار) سابق گورنر پنجاب،ق لیگ کے چیف کوآرڈینیٹر چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ لوگوں میں جوش اور بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کے لیے محبت دیکھ کر کہہ سکتا ہوں 8 فروری کو بلاول بھٹو این اے127 سے جیتے گا۔ ملک کو اس مصیبت سے صرف بلاول بھٹو نکال سکتا ہے۔ وہ گزشتہ روز کچا جیل روڈ پر یونین کونسل 227,228 اور 229کی کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر میاں مصباح الرحمن، چودھری اسلم گل، ذوالفقار علی بدر، حاجی عزیز الرحمن چن، فیصل میر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا گزشتہ نو دس دن سے بلاول کی مہم چلا رہا ہوں۔ ذوالفقار علی بھٹو نے لاہور میں پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی، آمریت کے دور میں ذوالفقار علی بھٹو نے جان دے دی لیکن سمجھوتہ نہیں کیا۔ نوجوانو آپ نے بزرگوں کو ٹیسٹ کر لیا ہے، انہوں نے 75 سالوں میں ملک کے لیے کچھ نہیں کیا۔ لوگوں کو صاف پانی میسر نہیں دو وقت کی روٹی نہیں ملتی، کروڑوں بچے سکول نہیں جاسکتے۔ اس خاندان نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ بلاول بھٹو جیتے گا تو ہم پینے کے صاف پانی پر کام کریں گے۔ چودھری سرور نے کہا کہ اشرافیہ کو عوام کی فکر نہیں، ہمارے حکمران دولت سے محبت کرتے ہیں، لوگوں سے محبت نہیں کرتے۔ پی پی 160سے امیدوار میاں مصباح الرحمن نے کہا کہ ن لیگ دعوی کرتی تھی کہ لاہور کو پیرس بنائے گی مگر اس حلقے میں ہر گلی میں ابلتے گٹر نظر آئے ہیں۔ اہل لاہور بلاول بھٹو کو موقع دیں تو وہ لاہور کو پیرس بناکر دکھائیں گے۔