• news

اناڑیوں کے ہاتھوں  پاکستان کا تشخص مجروح ہوا، عبدالعلیم خان، اے این پی نے حمایت کر دی 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار عبدالعلیم خان نے انتخابی مہم کے دوران این اے117 میں بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بد قسمتی سے پاکستان 2018ء کے انتخابات کے نتیجہ میں اناڑی اور کھلاڑی کے ہاتھ چڑھ گیا اور دنیا بھر میں وطن عزیز کا تشخص بری طرح مجروح ہوا، آئندہ حکومت کو دیگر چیلنجز کے ساتھ ساتھ پاکستان کی درست شناخت بحال کروانا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا حقیقی سرمایہ یوتھ ہے جس کو سیاسی مقاصد کیلئے گمراہ کیا گیا، ان شاء  اللہ ہم اقتدار میں  آ کر نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے اور انہیں اپنی خداداد صلاحیتوں کو برؤئے کا ر لانے کیلئے تمام وسائل مہیا کریں گے۔ علاوہ ازیں سابق تحصیل ناظم رانا انوار الحق اور سابق چیئرمین احمد حسن نے این اے117سے عبدالعلیم خان کی حمایت کرنے کا اعلان کیا اور اْن کیلئے لاجپت روڈ اور نین سکھ کے علاقوں میں انتخابی جلسوں کا انعقادکیا۔ دریں اثناء  عوامی نیشنل پارٹی نے پنجاب بھر میں استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کا فیصلہ کرتے ہوئے باضابطہ اعلان کیا ہے۔ اے این پی پنجاب کے جنرل سیکرٹری امیر بہادر خان نے صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان سے ملاقات میں اعلان کیا کہ جہاں جہاں استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار کھڑے ہیں اے این پی اْن کا بھرپور ساتھ دے گی۔ ہزارہ ویلفیئر سوسائٹی ایسوسی ایشن کے چیئرمین بشیر احمد نے بھی عبدالعلیم خان سے ملاقات میں استحکام پاکستان پارٹی اور این اے117میں بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا، تحریک انصاف راوی ٹاؤن کے سابق صدر مبشر لال نے پی پی146سے امیدوار صوبائی اسمبلی غزالی سلیم بٹ کے ہمرا ہ عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور اپنی ساری کابینہ سمیت اْن کی حمایت کا اعلان کیا۔اعظم کلاتھ مارکیٹ کے صدر اور پی پی145سے سابق امیدوار ملک زمان نصیب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

ای پیپر-دی نیشن