جمہوری عمل کے ساتھ کھڑے، پابندیاں شفاف انتخابات کے ہدف سے متصادم: امریکہ
واشنگٹن (این این آئی) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے پاکستان میں آنے والے عام انتخابات کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان کے مستقبل کی قیادت کا فیصلہ اس کے عوام کو کرنا ہے، امریکا کی دلچسپی جمہوری عمل میں ہے۔ الیکشن اور جمہوری نظام کی حمایت جاری رکھیں گے۔ امریکہ شفاف جمہوری عمل کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان میں جمہوری فروغ اور آزاد میڈیا کی اہمیت پر زور دیا۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے جمہوریت کو آگے بڑھانے میں آزاد میڈیا کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ آزاد اور خود مختار میڈیا مضبوط جمہوریت کے لیے بہت ضروری ہے، ذرائع ابلاغ ووٹرز کو باخبر رہنے اور حکومت کو جوابدہ رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔ پاکستان میں آزادی اظہار اور پریس پابندیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر پابندیاں پاکستان کی موجودہ حکومت کے منصفانہ اور شفاف انتخابات کے ہدف سے متصادم ہے۔ انہوں نے پاکستان میں آنے والے عام انتخابات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کی قیادت کا فیصلہ پاکستانی عوام کو کرنا ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی پر گفتگو کرتے ہوئے ویدانت پٹیل نے کہا کہ ایران خطے میں جارحانہ اقدامات کر رہا ہے، ایران کے معاملے پر پاکستانی حکام سے رابطے جاری ہیں۔ پاکستان کی مستقبل کی قیادت کا انحصار اس بات پر ہے عوام کسے اپنا لیڈر منتخب کرتی ہے۔