• news

عدالتوں کی ماڈل ٹاؤن منتقلی کیخلاف لاہور بار کی ہڑتال جاری، سائل پریشان 

لاہور(خبرنگار) سول کورٹس کی ایوان عدل سے ماڈل ٹاؤن کچہری منتقلی کے فیصلے کیخلاف سیشن عدالتوں میں گزشتہ روز بھی ہڑتال جاری رہی، وکلاء نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا، سینکڑوں کیسوں کی سماعت نہ ہوسکی، سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، لاہور  کے صدر منیر حسین بھٹی نے کہا ہے کہ وکلاء متحد ہیں اور وکلاء کو تقسیم کرنے کی کسی سازش کو ناکام بنا دیں گے، ہم نے سول کورٹس کی منتقلی کے لئے شہر میں کئی نزدیک ترین مقامات کی نشاندھی کردی ہے اب ماڈل ٹاؤن کچہری میں سول عدالتوں کی منتقلی کا نوٹیفکیشن منسوخ کیا جائے ورنہ ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ دریں اثناء لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد حسین نے ماڈل ٹاؤن کورٹس کو تحصیل قرار دینے کے نوٹیفکیشن کیخلاف نگران حکومت پنجاب و دیگران سے جواب طلب کر لیا، درخواست گزار عبداللہ ملک کے وکیل نجم ثاقب ایڈوکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ گورنر پنجاب کو عدالتوں کی منتقلی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اختیار نہیں، عدالتوں کی منتقلی کا اختیار منتخب حکومت کو حاصل ہے،عدالت گورنر پنجاب کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔

ای پیپر-دی نیشن