• news

بیلٹ پیپرز چھپائی کی ڈیڈ لائن میں توسیع، پولنگ سکیم جاری، آر اوز کو مجسٹریٹ کے اختیارات

اسلام آباد(وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ )  ملک میں عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسران اور ریٹرنگ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کردیے ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حتمی پولنگ سکیم جنرل الیکشن 2024 دے دی ہے ،الیکشن کمیشن نے شیڈول کے مطابق 24جنوری کو حتمی پولنگ سکیم دینا تھی تاہم گزشتہ روز دو دن کی تاخیر کے بعد الیکشن کمیشن حتمی پولنگ سکیم  جاری کردی ہے، پولنگ سکیم کے اندر قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کی مکمل تفصیل ہے ۔پولنگ کے روز 10 لاکھ 7 ہزار سے زائد عملہ ڈیوٹی سرانجام دے گا، 91 ہزار 809 پولنگ اسٹیشنز پر 96 ہزار 812 پریزائیڈنگ افسران، 6 لاکھ 4 ہزار اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران، 3 لاکھ7ہزار پولنگ افسران تعینات ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسران اور ریٹرنگ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کردیے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی آر اوز اور آر اوز کو اختیارات دیے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بیلٹ پیپرز کی دیڈ لائن میں پانچ روز کی توسیع کر دی ہے۔ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام آج مکمل ہونا تھا،  توسیع کے بعد قومی اسمبلی کی چار جبکہ صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں  پر بیلٹ پیپرزکی چھپائی دوبارہ ہو گی، چھپائی کا کام 31  جنوری کو مکمل کر لیا جائیگا، جبکہ عام انتخابات کیلئے 25 کروڑ77 لاکھ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے جارہے ہیں۔ زیادہ امیدوار ہونے کے باعث لمبے  بیلٹ پیپرز چھاپنا پڑرہے ہیں، بعض حلقوں میں چالیس چالیس امید وار سامنے آئے ہیں، 31 جنوری کے بعد بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی شروع کر دی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن