نوازشریف کو چیلنج دینے والے اپنے صوبے میں بلائیں موازنہ بھی ہو گا، مناظرہ بھی: شہباز شریف
راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، جنرل رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم نے8 فروری کو فیصلہ دینا ہے کہ کس نے پاکستان کی خدمت کی اور کس نے پاکستان کی عوام کو دھوکہ دیا۔ راولپنڈی سمیت پاکستان کے عوام پرلازم ہے کہ8 فروری کو شیر پر مہر لگائیں جس کو یہ شکایت ہے کہ شیر شکار نہیں کر رہا 8 فروری آنے والی ہے پتہ لگ جائے گا اور لگ پتہ جائے گا قوم کا فرض ہے کہ 8فروری کو شیر پر مہر لگا کر نواز شریف کے شیروں کو کامیاب کروائیں اور نواز شریف کو وزیر اعظم بنائیں۔ اگر زندگی رہی تو وعدہ کرتا ہوں کہ اگر میں نے راولپنڈی کو لاہور نہ بنا دیا تو میرا نام شہباز شریف نہیں، نواز شریف کو مناظرے کے چیلنج دینے والے نواز شریف کو اپنے صوبے میں دعوت دیں وہیں پر موازنہ بھی ہو گا اور مناظرہ بھی ہو گا کہ نواز شریف کی اس ملک اور قوم کے لئے کیا خدمات ہیں۔ نواز شریف کے مخالفین کو ملک کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے پسند نہ آئے تو نواز شریف کی حکومت کا تختہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لیاقت باغ راولپنڈی میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔ شہباز شریف نے خطاب میں کہاکہ تاریخی لیاقت باغ میں عظیم پاکستانی آئے۔ یہاں محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت سمیت ایک بڑی تاریخ ہے۔ پی ٹی آئی نے گالی گلوچ کی سیاست کے سوا کچھ نہیں دیا، اگر نواز شریف کو اللہ نے دوبارہ موقع دیا تو لاہور کی طرح راولپنڈی میں بلیو ٹرین شروع کریں گے۔ ہم جانتے تھے میٹرو آنے کے بعد شیخ حرم کی سیاست اس میٹرو کے نیچے دفن ہو جائے گی۔