• news

گورننس بہتر کرکے قرضوں سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے: سراج الحق

لاہور ( خصوصی نامہ نگار )امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ گورننس بہتر کرکے خودکفالت کی منزل اور قرضوں سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے، ملک میں وسائل کی کمی نہیں، مسئلہ کرپٹ طرز حکمرانی اور ناکام پالیسیاں ہیں۔امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں، جماعت اسلامی پاکستان،ایران، افغانستان کو ایک میز پر اکٹھا کرے گی۔کامیاب ہوکر سیاست میں زہریلی تقسیم ختم کریں گے،ہمیں ان دشمنوں سے لڑنا ہے جوملک کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔ سابقہ حکمران پارٹیوں کے منشور نئے سبز باغ، رٹی رٹائی گردانیں ہیں، انہوں نے ماضی میں ڈلیور کیا نہ آئندہ کچھ کرسکیں گی، جماعت اسلامی اپنے منشور پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی دعوت پر فیڈریشن ہاؤس کراچی میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار وسائل سے مالامال کیا ہے، گڈ گورننس،فنڈز کے درست استعمال،کرپشن کے خاتمے اور مشاورت کے ساتھ ملک کا نظام چلایا جائے تو حالات بہتر ہوسکتے ہیں۔ امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، امیدوار این اے 248بابر خان،این اے 237عرفان احمد، پی ایس 109ذکر محنتی، پی ایس 110سفیان دلاور،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگربھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں فیڈریشن کے قائم مقام صدر ثاقب فیاض نے خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہم سراج الحق کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ وہ ملک میں صنعت اور صنعت کاروں کے کے حوالے سے جماعت اسلامی کے منشور کے بارے میں بتائیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن