جامعہ نعیمیہ کے نامزد امیدوار مفتی قیصر عبدالعلیم خان کے حق میں دستبردار
لاہور (خصوصی نامہ نگار) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ نے عبدالعلیم خان کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ جامعہ نعیمیہ کے نامزد صوبائی امیدوار مفتی قیصر شہزاد نعیمی بھی عبدالعلیم خان کے حق میں دستبرار ہو گئے۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے لاہور کے بڑے جامعہ نعیمیہ کا دورہ کیا اور ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی سے ملاقات کی، جس میں راغب حسین نعیمی نے عبدالعلیم خان کی الیکشن میں حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ ڈاکٹر راغب حسین کہا عبدالعلیم خان خلق خدا کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کا جیتنا علاقے کی فلاح و بہبودکیلئے اچھا ہے۔ کاغذات واپس لے رہے ہیں، اب مفتی قیصر شہزاد نعیمی، عبدالعلیم خان کی انتخابی مہم چلائیں گے۔ اس موقع پر نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان، تحفظ ناموس رسالت محاذ، مرکزی جماعت اہل سنت، جماعت اہل سنت حلقہ گڑھی شاہو سمیت دیگر سنی تنظیمات نے عبدالعلیم خان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ تمام علماء کرام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، محرومیوں کو دورکرنے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔