• news

نمونیا، پنجاب میں صورتحال خطرناک، مزید 18 بچے جاں بحق، 869 نئے مریض

لاہور (آئی این پی ) پنجاب میں خطرناک نمونیا مزید 18 بچوں کی زندگیاں نگل گیا۔ پنجاب بھر میں گزشتہ روز نمونیا کے 869 جب کہ صرف لاہور میں 177 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں رواں سال نمونیا سے 258  اموات اور 14 ہزار 530 کیسز رپورٹ جبکہ لاہور میں رواں سال نمونیا سے 53 اموات اور 2 ہزار 490 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ پنجاب میں نمونیا سے اموات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ 4 روز کے درمیان 60 سے زائد بچے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔  دریں اثناء خیبر پی کے کے علاقوں میں دھند برقرار رہی۔ اتوار کی صبح 2 گھنٹے کے دوران پی آئی اے کی پشاور کیلئے 4 پروازوں کی اسلام آباد میں لینڈنگ کرائی گئی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دوحہ سے پشاور کی پرواز پی کے 286، دبئی کیلئے پی کے 284، مسقط سے پشاور کی پرواز پی کے 260، ابوظبی سے پشاور کی پرواز پی کے 218 کو اسلام آباد اتارا گیا۔ پی آئی اے کی ابوظبی سے سیالکوٹ کی پرواز پی کے 178 کی لاہور میں لینڈنگ کرائی گئی۔ جبکہ اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ کا فلائٹ آپریشن مکمل بحال ہوگیا۔ علاوہ ازیں کراچی میں پیر اور منگل کو کہیں کہیں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔ جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں برف باری سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ وادی نیلم کے بالائی علاقے برف سے ڈھکے ہوئے ہیں۔ لوات بالا، جاگراں ویلی اور شونٹھر ویلی خوبصورت مناظر پیش کر رہی ہیں۔ گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے پہاڑوں پر بھی ہلکی برف باری جاری ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ علاوہ ازیں صوبہ خیبر پی کے کے ضلع ہنگو میں صبح سے ہلکی بارش جبکہ پاک ایران سرحد کے قریبی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں نے موسم مزید سرد کر دیا۔ دیربالا سے نامہ نگار کے مطابق دیر بالا میں طویل خشک سالی کے بعد بارش اور برفباری شروع ہو گئی۔ سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔ کیر درہ، کمراٹ، کوہستان، لواری ٹنل، عشیری درہ وغیرہ میں بارش کے ساتھ ساتھ برفباری بھی ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن