جاگیرداروں، ظالموں کی باری ختم، اب اقتدار کی کرسی نہیں ملے گی: سراج الحق
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جاگیرداروں، ظالموں کی باری ختم ہوگئی، ہمیں محنت کیساتھ اپنے مقدر پر مہر لگانی ہے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم نے قوم کی کئی دہائیاں ضائع کر دیں، پاکستان میں 25 کھرب ڈالر کا کوئلہ ہے اس کے باوجود ملک پر قرض کا کوہ ہمالیہ ہے۔ غربت، مہنگائی، بدامنی، کرپشن، افراتفری کی ذمہ دار 76سال حکومت کرنے والی سیاسی جماعتیں ہیں۔ ایک شہزادہ کہتا ہے میرے والد صدر، نانا وزیراعظم تھے، مجھے بھی وزیراعظم بنائیں۔ تین بار کا وزیراعظم کہتا ہے ایک باری اور دے دیں، اب ان کی باری نہیں آئے گی۔ وطن کو روزگار، تعلیم، سڑکوں کی ضرورت ہے، پاکستان کو ان لوگوں کی ضرورت نہیں جنہوں نے ملک کو دنیا کیلئے تماشا بنا دیا ہے، ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ سے نوازشریف دستبردار ہوگئے، نوازشریف کہتے ہیں جتنا دبنا ہے دب جاؤ بس کرسی مل جائے، سابق حکمرانوں کو کبھی اقتدار کی کرسی نہیں ملے گی۔ ظالموں نے باہر کی بجلی کمپنیوں سے مہنگے معاہدے کئے، بجلی خریدیں یا نہ خریدیں قیمت ادا کرنا ہوگی، ظلم کی زنجیروں کو توڑیں گے، پاکستان آئی پی پیز کا نہیں پاکستانیوں کا ہے، پاکستان وڈیروں کا نہیں ہے، ملک میں کرپشن کے باعث مہنگائی ہے۔ ملک میں پانچ ہزار ارب کی کرپشن پر کوئی قابو نہیں پا سکا، جماعت اسلامی گردن پر پاؤں رکھ کر ایک ایک پائی کا حساب کتاب کرے گی، عوام کے صبر کا پیمانہ بھر گیا، نوجوان ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، پاکستان میں قابل لوگوں کے لئے جگہ نہیں رہی۔ سراج الحق نے کہا نواز شریف کے منشور میں ’ووٹ کو عزت دو‘ کے فقرے کی کمی ہے، وہ اس نعرے سے دستبردار ہو کر اپنے بیانیے سے توبہ کر گئے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں چاہے جتنا دبنا پڑے دب جائیں لیکن مجھے کسی بھی قیمت پر حکومت ملنی چاہیے۔