• news

عوام 2 خاندانوں کی بادشاہتوں سے تنگ ،بنیادی سہولیات سے محروم ہیں:لیاقت بلوچ 

لاہور(خصوصی نامہ نگار) نائب امیر و امیدوار جماعت اسلامی حلقہ این اے 128 و 123 لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عوام 2 خاندانوں کی بادشاہتوں سے تنگ آچکی ہے۔ موروثی نظام سیاست اور وڈیرہ شاہی کے باعث پاکستان قرضوں کی لپیٹ میں ہے۔ عام آدمی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ روٹی کپڑا اور مکان،خوشحالی اور تبدیلی کا نعرہ دینے والوں نے غریب آدمی سے جینے کا حق بھی چھین لیا۔ جماعت اسلامی نے سب سے پہلے منشور پیش کیا اور 60 فیصد نوجوان امیدواران کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا۔ قوم اب ترازو کو ووٹ دے ملک کو ایک اسلامی، فلاحی اور خوشحال ریاست بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 128میں الخدمت فاؤنڈیشن مادل ٹاؤن کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیدوار صوبائی اسمبلی ملک شاہد اسلم اور الخدمت فاؤندیشن کے ذمہ داران محمد سلیم،اشتیاق احمد،احمد بلال،حافظ لئیق احمد ودیگر موجود تھے۔دریں اثناء محمد جاوید قصوری نے بڑی پارک نشتر ٹاون میں انتخابی جلسہ عام میں کہا مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے پورے معاشی نظام کو ہی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے جو بھی حکومت بر سر اقتدار آئی اس نے آئی ایم ایف کے در پر سجدہ ریز ہونے میں ہی عافیت جانی۔ حکمرانوں کی کارکردگی دعووں، وعدوں، زبانی کلامی اور ڈنگ ٹپاؤ اقدامات تک محدود ہے۔ عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آتے۔جماعت اسلامی عوام کو مہنگائی سے نجات دلا سکتی ہے۔ 25کروڑ عوام اب ان کے دھوکے میں نا آئیں اور جماعت اسلامی کی دیانت دار اور بے داغ قیادت پر اعتماد کا اظہار کریں۔

ای پیپر-دی نیشن