بیروزگاری سے پریشان لوگ بیوی بچوں سمیت خود کشیاں کررہے ہیں:سردار طاہر ڈوگر
لاہور ( خصوصی نامہ نگار) جنرل سیکرٹری پاکستان سنی تحریک وسطی پنجاب سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہا ہے کہ غربت بے روزگاری سے پریشان لوگ بیوی بچوں سمیت خود کشیاں کررہے ہیں۔ حکمرانوں کے ضمیرسوگئے۔ غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ غریبوں کے فنڈز اقرباء پروری کی نظر ہورہے ہیں۔ بھوک افلاس و بے روزگاری سے پریشان حال عوام کو حکمرانوں نے ریلیف کے بجائے خودکشی پر مجبور کردیا ہے۔ عوام کو بتایا جائے یہ کیسی جمہوریت ہے کہ غریب بھوک اور بے روزگاری کا شکار ہوکر خودکشیاں کررہے ہیں اور حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ حکمران بتائیں بھوک و افلاس اور بے روزگاری سے تنگ خودکشی کرنیوالوں کا خون کس کے ہاتھ پر تلاش کریں۔ بیوی بچوں سمیت خودکشی کرنے کے واقعے سے انسانیت تڑپ گئی ہے۔ غریبوں اور بے روزگاروں کو حکومت سرکاری سطح پر معاوضہ دینے کا اعلان کرے۔ غریبوں میں تقسیم ہونیوالے فنڈز کی مانیٹرنگ کرکے اقرباء پروری وکرپشن کاخاتمہ کیا جائے۔