• news

پی ٹی آئی کی انتخابات سبوتاژ کرنے کی ملک دشمن سازش قابل مذمت:  عبدالعلیم خان 

 لاہور( نوائے وقت رپورٹ)استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور این اے117، پی پی149 اور 209 سے امیدوار عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے سمندر پار بیٹھ کر انتخابات سبوتاژ کرنے کی ملک دشمن سازش قابل مذمت ہے، اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے اب عملی طورپر کھل کر سامنے آ گئے ہیں، بھاری سرمایہ کاری کے زور پر پاکستان کے خلاف گمراہ کن پراپیگنڈہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچنا چاہیے۔ عبدالعلیم خان نے لاہور کے صوبائی حلقہ پی پی149 میں مختلف انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں سب سے زیادہ فکر اپنے ملک کی کرنی چاہیے،انہوں نے کہا کہ میں نے ماضی میں کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیے اور اب منتخب ہونے کے بعد خواتین اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے خصوصی مواقع پیدا کریں گے اور عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے خواتین کیلئے دستکاری سکول بنائیں گے۔ این اے117سے عبدالعلیم خان کو مزید کامیابیاں حاصل ہوئیں اور قومی اسمبلی کے آزاد امیدوار میاں عظیم یاسین نے دستبردار ہونے کا اعلان کیا جبکہ پی پی145سے پی ٹی آئی کی ٹکٹ کے امیدوار جواد گجر بھی اب عبدالعلیم خان کا ساتھ دیں گے،قومی اسمبلی کے اسی حلقے سے صوبائی اسمبلی پی پی146سے سابق چیئرمین رانا مظفر اور سرفراز احمد خان جبکہ وائس چیئرمین ماجد بٹ اور ملک محمد شفیق نے عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور اْن کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔سابق کونسلر ز میاں ندیم،میاں ذیشان، تیمور خان، آصف چشتی اور اسلام چارلی بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن