3 مرتبہ وزیراعظم بننے والے قوم سے کئے وعدے پورے نہ کر سکے: زبیر احمد ظہیر
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ سچا دستور اور منشور صرف قرآن و سنت ہے۔ مسائل کا حل کوئی جماعت نہیں بلکہ نفاذ اسلام ہے۔ صرف اپنی جماعت کو تمام مسائل کا حل کہنے والے ملک و ملت کے لئے خود ایک مسئلہ ہیں۔ عوام 8 فروری کو ان کی تمام خوش فہمیاں دور کر دیں گے۔ وہ اسلامی جمہوری اتحا پاکستان کے حلقہ 170 سے صوبائی امیدوار میاں احسان الٰہی کی غالب مارکیٹ میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ تین مرتبہ وزیراعظم کا مقام حاصل کرنے والے ملک اور قوم کے علاوہ حرمین شریفین میں کئے ہوئے اللہ رسول سے اپنے وعدے پورے کرنے میں بھی ناکام ہو چکے ہیں۔ تمام اعلیٰ عدالتوں کے سودی نظام ختم کرنے کے فیصلوں کے باوجود بورے ملک پر آج بھی سودی نظام ان لوگوں کے طفیل مسلط ہے۔ اب قوم ان پر کسی صورت اعتماد کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ صوبائی امیدوار میاں احسان الٰہی نے حلقہ کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کی خدمت کا صحیح معنوں میں حق ادا کروں گا۔