ن لیگ کا انتخابی منشور عوامی خواہشات کا ترجمان ثابت ہو گا: عارف سندھیلہ
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کا انتخابی منشور عوامی خواہشات کا ترجمان ثابت ہو گا جس میں تمام شعبوں کی ترقی کو یکساں اہمیت دی گئی ہے۔ پارٹی قیادت اپنے اس انقلابی منشور کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پرعزم ہے اور 8 فروری کے انتخابات میں برسراقتدار آکر ملکی ترقی کی راہ ہموار کی جائے گی۔ عوا م کی مشکلات و مسائل کا حل (ن) لیگ کی اولین ترجیح ہے جس کی خاطر مربوط لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں توانائی اور شاہراہوں کے میگا منصوبے، یونیورسٹیوں و صحت کے اداروں کا قیام، صحت کارڈ کا اجراء، میٹرو بس اور اورنج ٹرین کی تکمیل سمیت دیگر مثالی عوامی خدمات (ن) لیگ کی قیادت کا اعزاز ہیں۔ ان شاء اللہ آئندہ انتخابات میں کامیاب ہو کر پارٹی قیادت اپنے ویژن کو آگے بڑھائے گی۔