بھارت کیلئے نئے پاکستانی ناظم الامور کو ویزا جاری
اسلام آباد(این این آئی)بھارت کیلئے نئے پاکستانی ناظم الامور سعد وڑائچ کو بھارتی ویزا جاری کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سعد وڑائچ سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے جلد دہلی روانہ ہونگے۔نگراں حکومت نے نئی دہلی میں ہائی کمیشن کے لیے دفتر خارجہ کے سینیئر افسر سعد وڑائچ کو اگست میں بھارت کے کیت نیا چارج ڈی افیئر (ناظم الامور)منتخب کیا تھا۔سعد وڑائچ دفترخارجہ پاکستان میں افغانستان، ایران اور ترکی ڈیسک کے ڈائریکٹرجنرل تھے۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے سفارت کاروں کیلئے ویزا کااجرا کردیا گیا ہے، اس حوالے سے اسلام آباد اوردہلی میں بیک وقت ایک دوسرے کے سفارتکاروں کیلئے ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ دسمبر تک آنے والی تمام ویزا درخواستوں پر ویزے جاری کیے گئے۔پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کی جانب سے بھارت عملے کیلئے 30ویزے جاری کیے گئے جبکہ بھارت نے بھی سفارتی عملے کے 30ہی ویزے جاری کیے ہیں۔