• news

پنجاب کے انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر 23 ہزار کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

 اسلام آباد+ لاہور(وقائع نگار+ لاہور+نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ)پنجاب کے انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر 23ہزار کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، کیمروں کی تنصیب پر 91 کروڑ روپے لاگت آئے گی، کیمروں کی تنصیب پر سیف سٹی اور پی آئی ٹی بی مشترکہ طور پر کام کرے گی ۔ کیمرے حکومت خریدے گی۔   8فروری 2024ء کے عام انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں تیزی سے تکمیل کے مراحل کی طرف گامزن ہیں۔بیلٹ پیپر کی چھپائی کا کام 2فروری تک مکمل ہو جائے گا ۔اس کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی اداروں ، RO اور ڈسٹرکٹ ایڈ منسٹریشن کی مدد سے بیلٹ پیپر کی ڈیلوری کا کام چاروں صوبوں کے لیے شروع ہو چکا ہے۔ووٹرز کو  اپنے ووٹ کی معلومات  حاصل کرنے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر بھیجنا ہو گا ۔الیکشن کمیشن نے اب تک 9 لاکھ76 ہزار درکار پولنگ عملے میں سے 9 لاکھ 70 ہزار پولنگ عملے کی تربیت مکمل کر لی ہے جو کہ کل درکار تعداد کا 96 فیصد بنتی ہے۔ بقیہ 6 ہزار پولنگ عملے کی تربیت اگلے چار دنوں میں مکمل ہو جائے گی۔مزید یہ کہ کراچی میں دو سیاسی پارٹیوں کے درمیان جھنڈا لگانے پر تصادم و فائرنگ اور ضلع صوابی میں پوسٹل بیلٹ چھینے جانے کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کمیشن نے متعلقہ چیف سیکرٹری اور آئی جی صاحبان سے رپورٹس طلب کی ہیں تاکہ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف الیکشن قوانین کے تحت بھی کاروائی کی جا سکے۔کوہستان کے علاقہ میں علماء کے ایک گروپ نے مبینہ طور پر فتویٰ جاری کرتے ہوئے خواتین کی انتخابی مہم چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے، پر الیکشن کمیشن نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ مانٹرنگ آفیسر کوہستان اپر سے رپورٹ طلب کی، جس نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا کہ مذکورہ بالا خبر درست نہیں ہے اور یہ غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔تاہم الیکشن کمیشن یہ واضح کرنا چاہتا ہے کہ اگر آئندہ انتخابات کے دوران کسی خاتون کو متعلقہ انتخابی حلقے میں انتخابی مہم چلانے سے یا ووٹ ڈالنے سے روکا گیا تو الیکشن کمیشن الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 9 کے تحت کاروائی کرے گا اور اس حلقے میں انتخابات کے عمل کو کالعدم بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ الیکشن کمشن نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر جرمانے اور نوٹسز جاری کردیئے۔این اے 142ساہیوال میں امیدواروں رانا قاسم نون، عبدالقادر گیلانی ، ملتان میں شاہد محمود خان اور علی موسی گیلانی سمیت 12 امیدواروں کو نوٹسزجاری کیے گئے ہیں۔  این اے 46اسلام آباد میں تین امیدواروں، این اے 48 میں امیدوار ملک عبدالعزیز ۔ پی پی 64گوجرانوالہ سے امیدوار عمرفاروق ڈار اور عاصم اشرف ، پی پی 30گجرات میں امیدوار عتیق الزمان ڈوگر، مظفر گڑھ میں امیدوار میاں علمدار حسین کو نوٹس جاری کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن