• news

میرے مقدمات پر مانیٹر جج مستعفی ہو گیا، معلوم تھا چور کی داڑھی میں تنکا ہے: نوازشریف

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نواز شریف نے کہا ہے کہ میں سرخرو اور بے قصور ثابت ہوا لیکن سزا دینے والے چلے گئے۔ لاہور میں جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ میں آپ سب پر قربان ہوجاؤں۔ میں نے اپنے بھائی بہنوں کی خدمت کی اور اس خدمت کی وجہ سے ہی میں ان کے چہروں پر محبت دیکھ رہا ہوں۔ اگر میں نے کچھ نہ کیا ہوتا تو آپ میری پرواہ نہ کرتے۔ عوام کی خدمت کے صلے میں اتنی محبت ملی ہے۔ آج سوچ رہاہوں عوام مجھ سے اتنی محبت کیوں کرتے ہیں؟۔ آپ بتائیں اس محبت کو کیسے بھلا دوں؟۔ مجھے جان بوجھ کر سزائیں دی گئیں۔ میں سرخرو اور بے قصور ثابت ہوا لیکن سزا دینے والے چلے گئے۔ وہ جج بھی چلا گیا جس نے 8 مہینے بعد چیف جسٹس بننا تھا۔ دال میں کچھ کالا تھا۔ ان کو پتا تھا کہ چور کی داڑھی میں تنکا ہے تب ہی وہ استعفیٰ دے کر چلا گیا۔ ہم نے بہت ٹھوکریں کھائی ہیں، مزیدکھانے کی طاقت ہے نہ ہمت۔ جب میں حکومت میں تھا 20 روپے میں 5 روٹی ملتی تھی آج 20 روپے کی ایک روٹی ہے۔ وہ زمانہ کہاں چلا گیا، کون لے گیا اس زمانے کو؟۔ کیسے واپس لائیں اس زمانے کو، لیکن ہم اس وقت کو واپس لائیں گے۔ پورا پاکستان میرا ہے اور یہ حلقہ خاص میرا ہے۔ مجھے اپنے ملک کو غیرت مند ملک بنانا ہے۔ اگر میں ہوتا تو کوئی بھی بے روزگار نہ ہوتا۔ میں بے قصور تھا، مجھے سزائیں دینے والے جج  ایک ایک کرکے رخصت ہوگئے۔ وہ جج بھی چلا گیا جسے 8 ماہ بعد چیف جسٹس بننا تھا۔ جج استعفیٰ دیکر چلا گیا کیونکہ پتہ تھا چور کی داڑھی میں تنکا ہے۔ مجھے فخر ہے کہ میں نے اپنی بہن بھائیوں کی بھرپورخدمت  کی ہے۔ اگر میں نے کچھ نہ کیا ہوتا تو آپ مجھ سے اس طرح عشق نہ کر رہے ہوتے۔  وہ (جج)  میرے کیسوں پر مانیٹرنگ جج بن کے بیٹھا ہوا تھا۔ اب وہ استعفیٰ دے چکا ہے اور نواز شریف آپ کے سامنے کھڑا ہے۔ میرا دل چاہتا ہے کہ میں آپ کے لیے وہ سب کچھ کروں جس کی آپ مجھ سے توقع کرتے ہیں۔ پہلے بھی میں نے خلوص کے ساتھ کوشش کی اور آئندہ بھی کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔ نواز شریف تھا تو گھروں میں سکون تھا، مہنگائی کا کوئی نام و نشان نہیں تھا، ہر چیز سستی تھی۔ آج روٹی 20 اور نان 25 سے 30 روپے کا ہو چکا ہے۔ آپ کے گھروں کو دوبارہ بسانا ہے، نوجوانوں کو روزگار دینا ہے اور ان کے باعزت مستقبل کو سنوارنا ہے، سبز پاسپورٹ کی عزت بحال کرانی ہے۔ نواز شریف کی چھٹی نہ کرائی جاتی تو کوئی بیروزگار نہ ہوتا۔ ہم بہت پیچھے رہ گئے  ہیں۔ ہم نے بہت زخم کھائے ہیں۔ آپ نے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینا  ہے۔ ہم اس ملک و قوم کو اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے اور یہ دنیا کی خوشحال ترین قوم بنے گی۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنی خاطر نہیں صرف قوم کی خاطر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں کہ قوم اس وقت مسائل سے دو چار ہے۔ نواز شریف قوم کا خدمت گزار ہے۔ نواز شریف جب آتا ہے تو مہنگائی کم ہوتی ہے، ملک ترقی کرتا ہے، آٹا سستا ہوتا ہے۔ ہمارا کسی سیاسی جماعت سے مقابلہ نہیں۔ ہم نومئی والے نہیں، 28 مئی والے لوگ ہیں۔ دونوں تاریخوں میں بڑی تاریخ موجود ہے۔ 8 فروری کو 9 مئی والوں کو اٹھا کر باہر پھینک دینا ہے۔ جو ظلم اور جبر زیادتی ہمارے ساتھ ہوئی وہ کسی کے ساتھ نہیں ہوئی۔ اگر ہم آج بھی الیکشن لڑنا چاہتے ہیں تو صرف قوم کی خاطر۔ تکلیف ہے تو صرف مہنگائی کی، بجلی کے زائد بلوں کی۔ لاہور میں پانچ سال گھس بیٹھیے آ گئے جنہوں نے لاہور کو تباہ کردیا۔ جب ہماری حکومت تھی تو لاہور میں ہر سال نیا منصوبہ آتا تھا۔ اب یہاں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ عوام مجھ سے وعدہ کریں کہ انتخابات میں کوئی گھر میں نہیں بیٹھے گا اور نواز شریف کو ووٹ ڈالیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن