• news

8 فروری ملک و قوم کو دھوکہ دینے والوں کی سیاسی موت کا دن ہے: رانا ثناء

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) 58 ج ب کی گجر برادری نے چوہدری علی محمد گجر، چوہدری معراج گجر اور چوہدری نذیر گجر کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 100رانا ثناء اللہ خاں اور امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی پی109 ظفر اقبال ناگرہ کی مکمل حمایت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں امیدواروں کی حمائت میں چوہدری علی محمد گجر کے ڈیرے پر ایک کارنر میٹنگ ہوئی۔ اس موقع پر رانا ثناء اللہ خاں نے گجر برادران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے خطاب میںکہا کہ 8فروری ملک و قوم کو دھوکا دینے والوں کی سیاسی موت کا دن ہے۔ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے میاں نواز شریف کو چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنا کر ہی دم لیں گے۔ ریاست مدینہ کے راگ الاپنے والوں نے غیرشرعی کام اور فرح گوگی جیسی عورتوں کو صوبے پر مسلط کئے رکھا۔ بلاول بھٹو مناظرے سے پہلے سندھ کی فکرکرے، کامیاب ہو کر میاں نواز شریف کی زیر قیادت اپنے منشور میں کیا گیا ایک ایک وعدہ پورا کریں گے۔ امیدوار برائے ایم پی اے چوہدری ظفر اقبال ناگرہ نے کہا کہ نواز شریف نے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا، مسلم لیگ ن کے دورِ اقتدار میں ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوا، اب ہماری جنگ مہنگائی اور غربت کے خلاف ہے۔

ای پیپر-دی نیشن