• news

چیف جسٹس کا ارشد شریف قتل کیس کی جلد سماعت کا عندیہ

  اسلام آ باد (آئی این پی ) چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسی نے معروف صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق کیس کی سماعت جلد مقرر کرنے کا عندیہ دے دیا۔ پیر کے روز چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں تین رکنی بینچ نے صحافیوں کو ہراساں کئے جانے پر سوموٹو کیس کی سماعت کی جس کے دوران اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران معروف صحافی مطیع اللہ جان نے استدعا کی کہ ارشد شریف کے قتل کا سوموٹو بھی مقرر کیا جائے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ارشد شریف کیس ہوسکتا ہے آئندہ سماعت پر ساتھ ہی لگا دیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کوئی ایسا حکم نہیں دینا چاہتے جو ارشد شریف کیس میں جاری احکامات سے متصادم ہو۔ خیال رہے کہ چیف جسٹس فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی  ( ایف آئی اے ) کی جانب سے صحافیوں کو بھیجے جانے والے نوٹسز فوری واپس لینے کا حکم دے دیا ہے۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ تنقید کی بنا پر صحافیوں کو جاری نوٹس فوری واپس لیں اور اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ گالم گلوچ الگ بات ہے ، صرف تنقید کی بنا پر کارروائی نہ ہو۔

ای پیپر-دی نیشن