• news

لاہور میں پی پی کارکنوں کی گرفتاریاں، سینیٹر تاج حیدر کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

اسلام آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) سینیٹر تاج حیدر انچارج سنٹرل الیکشن سیل پاکستان پیپلزپارٹی نے این اے 127 لاہور میں بے گناہ کارکنوں کی گرفتاری پر چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے اور ان کی فوری رہائی اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک دوسرے خط میں انہوں نے الیکشن کمشن کی جانب سے عام انتخابات کے نتائج موبائل ایپ ای ایم ایس کے ذریعے ٹرانسمیشن پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ سینیٹر تاج حیدر نے شکایت کی کہ این اے 127 میں بلاول بھٹو کی حمایت کرنے پر پی ٹی آئی کے سابق کارکنوں شہزاد اور شہباز جبکہ مسلم لیگ (ن) کی سابق کونسلر خالدہ پروین کو بھی گرفتار کیا گیا۔ دریں اثناء سینیٹر تاج حیدر نے الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے نتائج موبائل ایپ ای ایم ایس کے ذریعے ٹرانسمیشن پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔ سینیٹر تاج حیدر نے اپنے خط میں لکھا کہ ہم پریذائیڈنگ آفیسرز سے ریٹرننگ آفیسر تک رزلٹ آف اکاؤنٹ (فارم 45) کی الیکٹرانک ٹرانسمیشن کے لئے ایک بالکل نئی اور غیر مانوس اپیلی کیشن موبائل ایپ کے اجرا پر اپنے انتہائی سنگین اعتراضات آپ کے نوٹس میں لاتے ہیں۔ ہمیں خدشہ ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں آر ٹی ایس کی ناکامی جیسی صورتحال سامنے آئے گی۔ یہ 2018ء کی طرح نتائج میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے لئے استعمال ہوگی اور ریٹرننگ افسران کی جانب سے عارضی نتائج مرتب کرنے میں طویل تاخیر کا سبب بنے گی۔

ای پیپر-دی نیشن