• news

بلاول کبھی وزیراعظم نہیں بن سکتے، پیپلزپارٹی سندھ تک محدود ہے: اعظم تارڑ

حافظ آباد+نوشہرہ ورکاں (نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اس بار عوام مسلم لیگ ن کو ملک کی خدمت کا موقع دیں۔ میاں نواز شریف چوتھی بار پاکستان کے وزیر اعظم منتخب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں سادہ اکثریت ہو یا اتحادی جماعتوں کے تعاون سے وزیر اعظم نواز شریف ہی بنیں گے۔ بلاول بھٹوکبھی وزیر اعظم نہیں بن سکتے۔ پیپلز پارٹی صرف سند ھ کی پارٹی ہے۔ پیپلز پارٹی کا حکومت بنانے یا مضبوط کرنے میں کوئی کردار نظر نہیں آتا۔ ونیکے تارڑ میں سیاسی رہنما چوہدری قاسم علی تارڑ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 2024ء کے عام انتخابات میں عوام ثابت کرے گی کہ مسلم لیگ ن ملک کی سب سے مقبول ترین جماعت ہے اور مسلم لیگ (ن) کو ان انتخابات میں سادہ اکثریت بھی حاصل ہو گی۔ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب، سندھ، بلوچستان اور کے پی کے میں کئی سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمینٹ اور اتحاد کر رکھا ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ سب جمہوری اداروں کو مضبوط کیا جائے۔ پاکستان میں نفرت اور فتنے کے سیاسی کلچر کو ختم کیا جائے۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی روایتی سیاسی حریف ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اپنے جلسوں میں جس طرح کی غیر سنجیدہ گفتگو کرتے ہیں ہمارے قائدین نے اس کا نہ کوئی جواب دینا ہے اور نہ ہی یہ ان کا ظرف ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں ایک دن بھی کسی کو چین سے نہیں بیٹھنے دیا۔وکلا ء برادری کی سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات۔تحصیل بار کے مسائل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر تحصیل بار ایسوسی ایشن چوہدری ظہیر اکرم،جنرل سیکرٹری تحصیل بار راؤ سبطین ، جواد حسین اور چوہدری اورنگزیب ایڈووکیٹ پر مشتمل وکلا وفد نے سنیئر قانون دان سابق وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی اور تحصیل بار کے مسائل سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

ای پیپر-دی نیشن