باٹاپور: لیسکو ٹیم پر حملہ، شیخوپورہ میں بجلی چوروں سے 2 کروڑ 12 لاکھ وصول
لاہور +شیخوپورہ (اے پی پی+ نمائندہ خصوصی) سیکرٹری پاور کے احکامات پر چیف ایگزیکٹو لیسکو شاہد حیدر کی ہدایت پر ایس ای شیخوپورہ نجم الحسن کی زیر نگرانی بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلہ میں لیسکو سرکل شیخوپورہ نے سٹی اور رول ڈویژن کی علیحدہ علیحدہ سہ ماہی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق رورل ڈویژن کی سب ڈویژنوں کھاریانوالہ، بھکھی، جناح پارک اور سول لائن کے مختلف علاقوں شرقپور روڈ، بلڑ کے، مامو گجر، آمبہ، کالیا باہومان، جوئیاں والا، سیکھم، ہرن مینار روڈ، کرلکے مینارہ سمیت دیگر علاقوں میں میٹر ٹیمپرنگ، ڈائریکٹ سپلائی اور میٹر ریورس کرنے سمیت دیگر غیر قانونی طریقوں سے بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف 969 ایف آئی آر رجسٹرڈ کروائیں گئیں اور 365 افراد کو حوالہ پولیس کیا گیا۔ بجلی چوروں سے آٹھ لاکھ 70 ہزار سے زائد یونٹس چارج کر کے دو کروڑ 12 لاکھ سے زائد کی ریکوری حاصل کی گئی۔ جبکہ سٹی ڈویژن کی سب ڈویژنوں عطاء آباد، قلعہ ستار شاہ، جنڈیالہ روڈ اور وارث شاہ سب ڈویژن کے علاقوں رام گڑھا، جنڈیالہ شیر خان، مدار، چک شاہ پور، مرزا ورکاں، ہاؤسنگ کالونی، خان کالونی، معراج پورہ، جنڈیالہ روڈ سمیت دیگر قصبوں اور علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف مہم بھی جاری ہے جس میں 630 رجسٹرڈ ایف آئی آر کا اندراج کروایا گیا ہے۔ بجلی چوروں سے نو لاکھ کے قریب یونٹس سرچارج کر کے ایک کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری حاصل کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروا دی گئی ہے۔ ایس ای لیسکو سرکل شیخوپورہ نجم الحسن نے ایکسیئن سٹی عامر نواز ایکسیئن رورل رضوان احمد قریشی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بجلی چور مافیا کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ایس ڈی اوز محمود احمد یاسر محمود رانا ظفر، ابصار الحسن، صلاح بن سعید، محمد یونس سمیت دیگر افسران کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ لیسکو سرکل میں بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن میں سرکل چیئرمین رانا محمد شفیق کی ٹیم بھی شانہ بشانہ ساتھ رہی۔ لیسکو کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر انسداد بجلی چوری اور ریکوری مہم کو تیز کردیا گیا۔ ترجمان لیسکو نے کہا ہے کہ انسداد بجلی چوری اور ریکوری کے سلسلے میں ایکسیئن شالیمار کی زیر نگرانی پر ایس ڈی او باٹاپور نے علاقے میں چیکنگ آپریشن کیا، دوران آپریشن بجلی چوری میں ملوث ملزمان نے لیسکو ٹیم پر حملہ کردیا، جس کے بعد ملزمان کے غیر قانونی کنکشن منقطع کرکے ان کے خلاف مقامی تھانے میں اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی گئی۔ شاہد حیدر نے کہا کہ انسداد بجلی چوری اور ریکوری مہم میں حصہ لینے والے لیسکو کے اہلکار و افسران قومی خدمت میں مصروف ہیں، ان کے ساتھ غنڈہ عناصر کا ناروا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ایسے عناصر کو سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔