مقبوضہ کشمیر: بھارتی قابض فوج کے محاصرے، آپریشن، متعدد نوجوان گرفتار شہریوں کے احتجاجی مظاہرے
سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیرکے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کے سرچ آپریشن جاری ہیں ، کئی کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ، کئی علاقوں میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے ،کے پی آئی کے مطابق شمالی کشمیر کے علاوہ پونچھ اور راجوری میں قابض فوج نے کئی علاقوں کا محاصرہ کررکھا ہے ،بھارتی فوجیوں نے بارہمولہ، پونچھ اور راجوری اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ فوجیوں نے نوجوانوں کی غیر قانونی حراست کا جواز فراہم کرنے کیلئے انہیں مجاہد تنظیموں کے کا رکن قرار دیا۔راجوری اور پونچھ میں بڑی تعداد میں فوجی تعینات کئے گئے ہیں اور وسیع علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن جاری ہے ،وسطی کشمیر میں کئی علاقوں کا بھی فوج نے محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کردیا ہے ،ضلع ریاسی کے علاقے کٹرا میں بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج جاری ہے قصبے میں دکانداروں نے احتجاجی ریلی بھی نکالی۔ ضلع بڈگام کے علاقے ماگام کے مکینوں نے گزشتہ اٹھارہ دن سے پینے کے پانی کی عدم فراہمی پر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔