لاہور کے 90 فیصد پولنگ سٹیشنز حساس قرار، کوریج کیلئے 37 برطانوی صحافیوں کو ویزے جاری
اسلام آباد؍ لاہور (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہور کے 90 فیصد پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دے دیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور سے 44 حلقوں کیلئے مجموعی طور پر 4 ہزار403 پولنگ سٹیشنز قائم کئے جائیں گے، الیکشن کمیشن نے شہر میں 3 ہزار 540 پولنگ سٹیشنز کو حساس جبکہ 813 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دے دیا۔ لاہور میں صرف 50 پولنگ سٹیشنز نارمل قرار دیئے گئے ہیں۔ حساس پولنگ سٹیشنز کے باہر پولیس کی اضافی نفری کے ساتھ آرمی کے جوان بھی تعینات کئے جائیں گے، تمام پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ ادھر الیکشن کمیشن کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں کرنے پر متعدد امیدواروں پر 9 لاکھ 66 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ الیکشن کمیشن خیبرکی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پشاور ڈویژن میں مجموعی طور پر 95 ہزار، ملاکنڈ ڈویژن میں 3 لاکھ ، ہزارہ ڈویژن میں 1لاکھ 71 ہزار روپے جرمانے لگائے گئے۔ ضابطہ اخلاق خلاف ورزیاں کرنے پر مردان ڈویژن میں امیدواروں پر 1لاکھ 5 ہزار روپے، کوہاٹ میں 1 لاکھ 15 ہزار روپے، بنوں میں 30 ہزار، ڈی آئی خان میں 1 لاکھ 50 ہزار کے جرمانے امیدواروں پر لگائے گئے۔ دریں اثنا خیبر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر باجوڑ نے کارروائی کرتے ہوئے حلقہ این اے 8 اور پی کے 20 کے امیدوار سید اخونزادہ چٹان پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے، امیدوار کا نمائندہ ڈسٹرکٹ مانیٹر نگ آفیسر کے دفتر میں پیش ہوا، وضاحت غیر تسلی بخش قرار دے کر جرمانہ کردیا گیا۔ اسی طرح حلقہ این اے 39 بنوں سے آزاد امیدوار نسیم علی شاہ پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ انتخابات 2024ء کی کوریج کیلئے برطانیہ کے 37 صحافیوں کو پاکستان ہائی کمشن لندن سے ویزے جاری کر دیئے گئے۔ دی ٹائمز کی کرسٹینا لیمب کو بھی پاکستان کا ویزا جاری کیا گیا۔ سی این این، سکائی نیوز، بی بی سی، آئی ٹی وی، دی ٹیلیگراف، چینل4 کی ٹیمیں انتخابات کی کوریج کیلئے پاکستان آئیں گی۔ دوسری طرف چند انتخابی حلقوں میں بیلٹ پیپرز کی دوبارہ چھپائی کے معاملے پر الیکشن کمشن نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں تینوں پرنٹنگ پریسوں کے ایم ڈیز کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ دوبارہ چھپائی کیلئے خصوصی سکیورٹی پیپرز کی دستیابی اور بروقت چھپائی کا معاملہ زیر غورآئے گا۔ پریزائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔