عالمی عدالتِ انصاف کا اسرائیل کو جنگی مجرم قرار دینا قابل تحسین: اشرف جلالی
لاہور( خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاعالمی عدالتِ انصاف کا اسرائیل کو جنگی مجرم قرار دینا قابل تحسین ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس فیصلے کو عملاً نافذ کیا جائے اور اسرائیلی حکمرانوں کو عملی طور پر سزا دی جائے۔ اسرائیل نے ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کیا ہے۔ غزہ اور دیگر کئی علاقوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔ اسرائیلی دہشت گردوں نے ہزاروں فلسطینی بچے، مسکراتی کلیاں کھلنے سے پہلے ہی مسل دی ہیں۔ ہسپتالوں، مساجد، پناہ گزین کیمپوں اور تعلیمی اداروں پر بارود برسا کر اسرائیل نے ظلم کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ جب تک عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوگا، اسرائیل اپنی بربریت سے باز نہیں آئے گا۔ اسرائیلی مظالم پر خاموش تماشائی بننے والے مسلم حکمران بھی اسرائیل کے ساتھ ان مظالم میں شریک ہیں۔