انتخابی ریلیاں ‘کارنر میٹنگز‘ انتخابی سرگرمیاں ‘پولیس کو الرٹ رہنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ کی صدارت میں سی سی پی او آفس میں آپریشنز اور انوسٹی گیشن ونگز کے افسران کااجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں انتخابی عمل کے دوران قیام ِ امن، زیرِ التواء روڈ سرٹیفکیٹس اور زیرِ تفتیش مقدمات کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او نے لڑائی جھگڑے اور فائرنگ کے واقعات کی روک تھام یقینی بنانے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی ریلیز اورکارنر میٹنگزسمیت مختلف انتخابی سرگرمیوں کے دوران پولیس الرٹ رہے۔انتخابی سرگر میوں کے دوران اسلحے کی نمائش اور فائرنگ پر بلا تفریق کارروائی کی جائیگی۔سپر وائزری افسران بہترین کمانڈ اینڈ کنٹرول کے ذریعے امن عامہ کو یقینی بنائیں۔ انتخابی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کیلئے پولیس کے مختلف شعبے آپس میں کوارڈینیشن بہتر بنائیں۔ تکمیل چالان اور کیسز یکسو کرنے کیلئے پراسیکیوٹرز سے مسلسل رابطے میں رہیں۔اشتہاریوں اور بجلی چوروں کی گرفتاری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔