• news

آئینہ توڑنے کی نہیں حکمرانوں کو اپنے چہروں کو صاف کرنے کی ضرورت ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سابقہ حکمران پارٹیوں کا ایجنڈا ملک کی اسلامی شناخت ختم کر کے اسے سیکولر ریاست بنانا ہے۔ آئین کے آرٹیکلز62، 63 کو ختم کرنے کے ان کے وعدے خواب ہی رہیں گے۔ ن لیگ کے منشور کی دیگر حکمران پارٹیاں بھی حمایت کر رہی ہیں، یہ جماعتیں امریکی اور یورپی ممالک کو خوش کرنا چاہتی ہیں اور اپنی نااہلیوں کے باوجود پارلیمنٹ اور حکومتوں میں آنا چاہتی ہیں۔ جماعت اسلامی پوری طاقت سے آئین کی اسلامی دفعات کا دفاع کرے گی۔ آئین کے آرٹیکل 62اور 63میں ترمیم کی اجازت نہیں دے گی۔ آئینہ توڑنے کی نہیں حکمرانوں کو اپنے چہروں کو صاف کرنے کی ضرورت ہے، پارلیمنٹ میں باکردار، ایماندار اور اہل قیادت کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی نے پورے ملک میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کا چناؤ دولت نہیں کردار اور میرٹ کی بنیاد پر کیا۔ عوام 8فروری کو ترازو پر مہر لگائیں، ہم انہیں کرپشن فری اسلامی اور خوشحال پاکستان دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمرہ گرہ دیر پائین میں انتخابی جلسوں، کارنر مینٹگز سے خطاب اور ووٹرز سے گفتگو کرتے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے انتخابی منشورہوئے وعدہ کیا ہے کہ وہ اقتدار میں آ کر آئین 62 اور 63 کو تبدیل کرے گی۔ دیگر سابقہ حکمران پارٹیوں کے رہنماؤں نے ٹی وی پروگراموں میں اس سیکولر ایجنڈا کی حمایت کی ہے۔ اسلامی نظام ہی عدل اور خوشحالی کی ضمانت ہے، اسی سے ہی امن قائم ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن